وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان، غذر میں سیلاب متاثرین کیلئے بوبر ماڈل ویلج کا افتتاح

  شہباز شریف کی  ماڈل ویلج کی تھرڈ پارٹی توثیق کے بغیر ادائیگی نہ کرنے کی ہدایت ، 2022 کے سیلاب متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کئے
وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہے‘ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائیگی:وزیراعظم

 غذر (آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر  غذر میں سیلاب متاثرین کیلئے بوبر ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے ببر گائوں میں 2022 کے سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر شدہ گھروں کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے 2022 کے سیلاب متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کئے۔وزیراعظم کی ہدایت پر 62 گھروں کی تعمیر مکمل ہوئی، 110 کنال اراضی پر یہ ماڈل ویلج بنایا گیا ہے، صاف پانی اور سولر سے آراستہ ایک سٹور، ایک کچن، 2 باتھ روم اور 2 کمروں پر مشتمل خوبصورت گھر بنائے گئے۔ وزیر اعظم بدھ کو ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان  پہنچے۔انہیں  تعمیر شدہ گھروں میں سہولیات کی فراہمی پر بریفنگ بھی دی گئی۔دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 216 کلومیٹر طویل گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے، گلگت سے گاگوچ، گاگوچ سے تندئی اور تندئی سے شندور تک روڈ شامل ہے، منصوبے پر تعمیراتی کام نومبر 2025 تک مکمل ہوجائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ویلج کی تھرڈ پارٹی توثیق کے بغیر ادائیگی نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
دریں اثناء شہبازشریف سے دورہ گلگت کے موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلی  گلبر خان نے الگ الگ ملاقات کی۔  ملاقاتوں میں گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہاففاقی حکومت، گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے ان ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان اسکائوٹس کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں