لاہور (نیٹ نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جن کے دوران محمد علی منیر اور نادر کو گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق ملزم محمد علی منیر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث پایا گیا۔ اس کے قبضے سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے گئے جبکہ حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔دوسری جانب ملزم نادر کو کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنی کی بھاری مقدار میں جعلی مصنوعات برآمد ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی مصنوعات ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔