پاکستان نے پہلگام حملہ کی تحقیقات کے لئے تعاون کرنے کا کہا مگر بھارت فرار ہوگیا ،حنیف عباسی
راولپنڈی(آئی این پی )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلگام حملہ کی تحقیقات کے لئے تعاون کرنے کا کہا مگر بھارت فرار ہوگیا ، بھارت کی آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے،پوری قوم جنگ جیسی سنگین صورتحال میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی نظر آئی گی، ملک میں ایک جماعت نے ایسا خراب ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی تاکہ یہ ملک عدم استحکام کی جانب چلا جائے۔ وہ منگل کو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہم نے جو پیغام انڈیا کو دیا پانی کے معاملے پر وہ صاف ہے، اگر آپ پانی روکے گے تو ہم جنگ کے لئے تیار ہیں ،انڈیا میڈیا چینل پروپیگنڈہ کرنے میں اس وقت ہر حد سے تجاوز کر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ لڑنے کی ہماری صلاحیت کو کم کرنا بھارت کی سنگین غلطی ہو گی۔ وزیر ریلوے نے قومی عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا سوچے گا نہیں بلکہ جواب دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملہ کی تحقیقات کے لئے تعاون کرنے کا کہا مگر بھارت فرار ہوگیا ہے ۔