مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: بھارت میں پھنسی ٹیموں کی واپسی کا بندوبست، آئی سی سی چارٹر پروازیں فراہم کرے گی

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: بھارت میں پھنسی ٹیموں کی واپسی کا بندوبست، آئی سی سی چارٹر پروازیں فراہم کرے گی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث بھارت میں پھنسی غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں اب واپسی کے لیے آئی سی سی کی جانب سے فراہم کردہ چارٹر طیاروں کے ذریعے اپنے ممالک روانہ ہوں گی۔اطلاعات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم جو بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کے بعد باہر ہوئی تھی، آج شام ممبئی سے لندن روانہ ہوگی۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں کل کولکتہ سے مختلف چارٹر پروازوں کے ذریعے اپنے اپنے ممالک روانہ ہوں گی۔جنوبی افریقی ٹیم کے کچھ کھلاڑی جن میں کیشوو مہاراج، جیسن اسمتھ، جارج لنڈے اور کوچنگ اسٹاف کے ارکان شامل ہیں، نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں 15 مارچ سے محدود اوورز کی سیریز شروع ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے آخری میچ کے بعد چھ روز سے کولکتہ میں محصور تھی جبکہ جنوبی افریقی ٹیم بھی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد وہیں رکی ہوئی تھی۔