بلوچستان کے ضلع دکی کی تحصیل لونی کے علاقے کلی ڈنیمہ میں موٹرسائیکل پر ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹرسائیکل سوار علاقے سے گزر رہا تھا کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت گل بیگ ولد نامعلوم، قوم مری، سکنہ کلی ڈنیمہ، تحصیل لونی کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکا نصب شدہ بارودی مواد کے باعث ہوا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔سکیورٹی حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید معلومات سامنے آنے کے بعد حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔