لاہور ( خصوصی رپورٹ )میو ہسپتال کے شعبہ کارڈیالوجی میں ایئرکنڈیشننگ سسٹم خراب ہونے پرانجیوگرافی کے ٹیسٹ ہفتے سے تعطل کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق انجیوگرافی لیب کا ایئرکنڈیشنر خراب ہونے سے مشین ہیٹ اپ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ کولنگ سسٹم بند ہونے سے معمول کی الیکٹو انجیوگرافی کی لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ کولنگ سسٹم کی خرابی پرروزانہ درجن سے زائد مریضوں کے ٹیسٹ منسوخ کیے جا رہے ہیں،دور دراز سے آئے مریضوں کو نئی تاریخ دے کر ٹرخایا جا رہا ہے جس سے وہ سخت پریشان ہیں۔ مریضوں اور لواحقین نے وزیر اعلیٰ اور محکمہ صحت سیکولنگ سسٹم کی فوری مرمت کروا کر علاج معالجے کی سہولیات بحال کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔