دھمکیاں جاری رہیں تو امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، عباس عراقچی کا دوٹوک اعلان

دھمکیاں جاری رہیں تو امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، عباس عراقچی کا دوٹوک اعلان

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر ایران کے خلاف دھمکیوں اور دباؤ کا سلسلہ جاری رہا تو امریکا کے ساتھ مجوزہ حتمی معاہدے پر باضابطہ مذاکرات شروع نہیں کیے جائیں گے۔

اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی شق نمبر 13 اس حوالے سے واضح ہے اور تمام فریقوں کو اپنے دستخط اور کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج کسی بھی قسم کی دھمکی یا دباؤ سے مرعوب نہیں ہوں گے اور ایران اپنے قومی مفادات، خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔عباس عراقچی نے کہا کہ حالیہ قومی اجتماعات نے ایرانی عوام کے اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مستقبل کے ممکنہ معاہدے اور خطے کی سلامتی سے متعلق سفارتی رابطے جاری ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔