فلمساز بونی کپور کی بیٹی اور اداکار ارجن کپور کی بہن انشولا کپور نے روہن ٹھاکر کے ساتھ سادگی سے شادی کر لی۔
تقریب ممبئی میں قریبی اہلِ خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔انشولا کپور نے شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے شوہر کے نام جذباتی پیغام لکھا، جس میں انہوں نے کہا کہ "6 جولائی 2026... ہر موڑ، ہر حیرت اور ہر سفر کے بعد بھی تم ہی میری پسندیدہ گفتگو، میری محفوظ پناہ گاہ اور میرا آسان ترین انتخاب ہو۔"شادی کی تصاویر اور ویڈیوز میں انشولا اور روہن کو روایتی رسومات ادا کرتے دیکھا گیا، جبکہ جھانوی کپور، خوشی کپور، ارجن کپور اور کپور خاندان کے دیگر افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ منڈپ کے قریب انشولا کی مرحوم والدہ مونا کپور کی تصویر بھی رکھی گئی، جس نے تقریب کو جذباتی رنگ دے دیا۔شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد دونوں نے قانونی طور پر بھی اپنی شادی رجسٹر کرا لی۔ انشولا اور روہن کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 جون سے ہوا تھا، جبکہ دونوں کی پہلی ملاقات ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی۔