15 بچے نجی ہسپتال میں پیدا ہوئے، حالت بگڑنے پرسرکاری ہسپتال لایا گیا،مائیں بھی ساتھ نہیں تھیں
ہسپتال میں آکسیجن دستیاب نہ ہونے کے شواہد نہیں مل سکے ،آکسیجن کے45سلنڈر موجود تھے
پانچ بچوں کی ہلاکت غیرتربیت یافتہ دائیوں کے طریقہ کار سے ہوئی،محکمہ صحت اور کمشنر ساہیوال کی رپوٹ
پاکپتن(یواین پی)پاکپتن میں 20بچوں کی اموات غیر تربیت یافتہ دائیوں اور نجی ہسپتالوں میں آپریشن کے باعث ہوئیں، ابتدائی رپورٹ میں انکشاف، پاکپتن ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 20 نومولودوں کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ صحت اور کمشنر ساہیوال نے ابتدائی رپورٹس تیار کرلی گئیں۔ رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ 15 بچے نجی ہسپتال میں پیدا ہوئے مگر حالت بگڑنے پر انہیں سرکاری ہسپتال لایا گیا، 5 بچوں کی ہلاکت غیرتربیت یافتہ دائیوں اور ان کے طریقہ کار سے ہوئی جب کہ ہسپتال لائے گئے بچوں کی مائیں بھی ان کے ساتھ نہیں تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کی آمد اور علاج کے وقت کا کلینیکل آڈٹ بھی کروایا گیا ہے اور یہ رپورٹس وزیر اعلیٰ مریم نواز کی پاکپتن آمد پر پیش کی جائیں گی۔ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ ہسپتال میں آکسیجن دستیاب نہ ہونے کے شواہد نہیں مل سکے اور ہسپتال میں آکسیجن کے 45 سلنڈر موجود تھے۔