ولی عہد کی قیادت میں حکومت ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے ان کی حکومت، خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کا عزم ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔سعودی سفیر نے جمعے کو سعودی سفارت خانے میں منعقد ہونے والی پاکستان میں غذائی تحفظ کے معاون منصوبے کے تیسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں واقع شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا دفتر پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور ان کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق صرف سفارتی نہیں بلکہ ایمان، باہمی احترام اور مشترکہ تقدیر پر مبنی ہے