پانی پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، بھارت نے اسے روکا تو جنگ کے مترادف ہوگا:‘بھارت نے پاکستان پر حملہ کرکے خطے کا امن خطرے میں ڈالا :آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب
وزیر اعظم کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقات‘مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق‘ ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے بھی ملاقات، دونوں رہنمائوں نے تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا
تاشقند(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کا پانی روکنے کا بھارتی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا،بھارت نے پاکستان پر حملہ کرکے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا،بھارت کا پانی کو ہتھیار بنانا خطرناک ہے، جارحیت کی اجازت نہیں دینگے‘ پاک فوج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پڑوسی ملک ایران پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی جارحیت میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور برادر ملک ایران سے شہادتوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اسرائیل بلا روک ٹوک غزہ میں فلسطینیوں کو بھوکا مار رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں ہونے والے افسوسناک واقعہ کے بعد پاکستان پر حملہ کرکے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا، پاک فوج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنے پر ای سی او ممالک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ بدقسمتی سے دنیا غزہ میں انسانوں کی پیدا کردہ بے مثال تباہی کا مشاہدہ کررہی ہے، ایک ایسا خطہ جو دائمی اذیت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے، گویا انسانیت جیسے اب وجود ہی نہیں رکھتی جب کہ قحط سایہ فگن ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں پر اسرائیل بلاخوف و خطر حملے کر رہا ہے، تاکہ غزہ کے بے بس اور بھوکے عوام کی واحد زندگی کی ڈور کو جان بوجھ کر کاٹا جا سکے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کے غیرقانونی تسلط کا شکار جموں و کشمیر ہو، فلسطین ہو یا ایران، پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں معصوم لوگوں پر ظلم و بربریت کرنے والوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے‘دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے آذربائیجان کے شہر خانکندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطحوں پر جاری مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم اور ازبک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تہذیبی اور تاریخی تعلقات پر زور دیا جو متعدد شعبوں میں مضبوط شراکت داری کی ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، باہمی روابط، توانائی، علاقائی سلامتی، ثقافت اور عوامی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعاون کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا‘وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، اسرائیلی حملے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کے شہر خان کندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماں نے تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔شہباز شریف اور مسعود پزیشکیان نے گزشتہ ملاقات کے فیصلوں پر ہونیوالی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، ایران کیخلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کے تناظر میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پزیشکیان کی قیادت کو سراہا، انہوں نے حالیہ بحران کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو سراہا۔