وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں فضائی آلودگی اور مٹی دھول کے خاتمے کے لیے جدید اقدامات کا آغاز کیا ہے۔
چین کی طرز پر، 1500 تعمیراتی مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کے نظام کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو مقامی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور اس کا گزشتہ تین ہفتوں سے کامیاب تجربہ کیا جا رہا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے 'ای پی اے' کی کامیابی کے بعد فوری طور پر 'واٹر سپرنکل سسٹم' لگانے کی ہدایت کی۔ اس نظام کے ذریعے فواروں کے انداز میں پانی چھڑکنے سے تعمیراتی مقامات پر مٹی اور دھول نہیں اڑے گی۔ مریم نواز نے 15 جنوری تک قذافی اسٹیڈیم میں اس سسٹم کی تنصیب کا حکم بھی دیا۔
نیا حکم یہ بھی ہے کہ تمام تعمیراتی مقامات کو سبز کپڑوں سے ڈھانپنا ضروری ہوگا تاکہ مٹی اور سیمنٹ کے ذرات نہ اڑیں۔ مزید یہ کہ 10 فروری کے بعد اس طریقے پر عمل نہ کرنے پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔سینیٹر مریم اورنگزیب نے اس اقدام کو اسموگ کے خاتمے کے لیے اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہریوں کا تعاون اور جدید طریقوں کا استعمال ضروری ہے۔