کتھیڈرل چرچ میں بسنت فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب

ڈھول کی تھاپ پررقص، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی پتنگ اڑائی 
لاہور(خصوصی رپورٹ)مال روڈ پر واقع کتھیڈرل چرچ میں بسنت فیسٹیول کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فیسٹیول میں بشپ ندیم کامران سمیت مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور پتنگ بازی کے مناظر دیکھنے کو ملے۔تقریب کے دوران رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی پتنگ اْڑائی اور بسنت کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ اس موقع پررمیش سنگھ نے پچیس سال بعد بسنت کے دوبارہ انعقاد پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات لاہوریوں کی خوشی دیدنی تھی اور اس خوشی کا کریڈٹ مکمل طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے۔سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن صوبے کے عوام کو خوشیاں فراہم کرنا اور پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ آج ہر گھر میں کھانے اور خوشی کا جشن منایا جا رہا ہے۔