نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو معیشت میں انقلاب لا سکتے ہیں:مصدق ملک

 جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کیلئے ان کے اقدامات پاکستان کیلئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں:وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلام آباد میں کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی موسمیاتی اور معاشی ترقی میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر برطانیہ کی حکومت کے تعاون سے چلنے والا تکنیکی معاونت پروگرام ہے، جس کا مقصد پاکستان میں موسمیاتی فنانسنگ کو قومی ترجیحات کے مطابق فروغ دینا ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع اور وسائل فراہم کرنے سے وہ نہ صرف ملک بلکہ معیشت میں بھی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ایک دہائی قبل بیجنگ اور شنگھائی شدید آلودگی کے شکار تھے، لیکن جدید ٹیکنالوجی اور مواقع کے بہتر انتظام نے چین کو دنیا کی تقریباً 70 فیصد شمسی توانائی کی ٹیکنالوجی برآمد کرنے کے قابل بنایا۔وفاقی وزیر نے فن لینڈ اور دیگر نوردک ممالک کے اقدامات کو بھی روشنی میں لاتے ہوئے کہا کہ جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کے لیے ان کے اقدامات پاکستان کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔