شہبازشریف اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات اگلے ہفتے ہو گی‘ایجنڈے پر مشاورت جاری

پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر کی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری سے اہم ملاقات ‘متعد امور پر تفصیلی تبادلہ  خیال 
اسلام آباد( آن لائن ) حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں محمود خان اچکزئی سے اہم ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے حکمران جماعت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے اہم ملاقات کی، جس میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے مجوزہ اجلاس سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔ملاقات میں ممکنہ موضوعات، پارلیمانی تعاون اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، جبکہ دونوں جانب سے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید مشاورت کے بعد ملاقات کا باضابطہ ایجنڈا اور تاریخ سامنے آنے کا امکان ہے۔