اقلیتی عبادت گاہوں کی چار دیواری، سکیورٹی کیمرے، خاردار تاریں اور مناسب سکیورٹی عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے،صوبائی وزیر اقلیتی امورسرداررمیش سنگھ اروڑہ کی ہدایت
تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شمولیت سے خصوصی سیل قائم کردیا‘سیکرٹری داخلہ کی اعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں قائم اقلیتی عبادت گاہوں کے سکیورٹی آڈٹ کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں قائم تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی تازہ سکیورٹی آڈٹ رپورٹ مرتب کی جائے جو اگلے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی چار دیواری، سکیورٹی کیمرے، خاردار تاریں اور مناسب سکیورٹی عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کے دوران سکیورٹی صورتحال اور حکومتی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں چرچز، مندر، بیت الذکر اور گردواروں کی صورت میں 3960رجسٹرڈ اقلیتی عبادت گاہیں موجود ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بریفنگ میں بتایا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں ایف این ایس سیل کو متحرک کیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی شمولیت سے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ ہر دو ہفتے بعد صوبے کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کیلئے اجلاس بلاتا ہے اور پنجاب کے تمام اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس کی کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں جو اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے کمیونٹی سے رابطے میں ہیں، تمام اقلیتی عبادت گاہوں کے انتظام و انصرام میں متعلقہ کمیونٹی کی اولین شمولیت لازم ہے۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو برابری کے حقوق میسر ہیں، صوبہ بھر میں موجود مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سکیورٹی ودیگر معاملات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاہم مناسب انتظامات کیلئے تمام اقلیتی عبادت گاہوں کا قانونی طور پر رجسٹر ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے تمام عبادت گاہوں کے داخلی خارجی راستوں پر باڈی سرچ لازمی ہے اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے ساتھ تزئین و آرائش پر توجہ دی جائے۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سونیا عاشر، چیرمین قائمہ کمیٹی فالبوس کرسٹوفر، ممبران صوبائی اسمبلی ایمانویل اطہر ، اعجاز عالم آگسٹین اور شکیلہ جاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔