وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں کمی پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے، کیونکہ یہ 3.57 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ چھ سالوں کی کم ترین سطح ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، اور 4 اکتوبر 2018 کے بعد پرائس انڈیکس اس سطح تک نہیں آیا تھا۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے اسی ہفتے کی نسبت، اس ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 39.11 فیصد کی کمی آئی ہے، جو معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت روزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، اور بیرون ملک سے ترسیلات زر، دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافے اور سفارتی تعلقات میں استحکام نے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔