سینا گوگ میں حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی،پانچ افراد جھلس کرزخمی ہوگئے، پولیس اور امدادی ٹیموں نے پھنسے شہریوں کو نکالا
میلبرن(آئی این پی )آسٹریلیا میں یہودی عبادت گاہ سینا گوگ میں حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جھلس کرزخمی ہوگئے ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں سیناگوگ پرلگنے والی آگ اتنی خوفناک تھی کہ درجنوں فائر فائٹرز اور ٹرکوں نے بمشکل قابو پایا۔آتشزدگی میں یہودی عبادت گاہ کا ایک حصہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے سیناگوگ میں پھنسے شہریوں کو نکالا۔پانچ افراد جھلس جانے کے باعث زخمی ہوئے جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ درجن سے زائد افراد کی دھوئیں کے باعث حالت غیر ہوگئی۔سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے دو حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینکا اور آگ لگا کر فرار ہوگئے۔میلبورن پولیس نے دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔یاد رہے کہ اس سیناگوگ کو ہولوکاسٹ سے بچ جانے والے یہودیوں نے 1960میں تعمیر کرایا تھا جس سے اسے تاریخی اہمیت بھی حاصل ہے۔