اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)400کلو گرام چاندی چوری اسکینڈل ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد ایف بی آر نے 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔انکوائری کمیٹی 60روز میں انکوائری مکمل کرنے کے بعد رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی ۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق 400کلو گرام چاندی چوری سکینڈل کے معاملے پر ایف بی آر نے وزیر اعظم کی مشاورت اور منظوری کے بعد تین رکنی اعلی اختیاراتی کمیٹی قائم کردی ہے ۔اس سلسلے میں جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس اشرف زبیر صدیقی انکوائری کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ڈی جی ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمز محمد عمران خان مہمند کو انکوائری آفیسر اور چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد کو محکمانہ نمائندہ مقرر کر دیا گیا ۔نوٹیفیکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی سابق کلکٹر کسٹمز کوئٹہ ڈاکٹر کرم الہی سمیت 9 افسران کے خلاف انکوائری کرے گی، انکوائری کی زد میں آنے والے کسٹمز افسران میں یوسف مگسی، طارق حسین، محمد یوسف ،پریونٹیو افسران سمیع اللہ، عارف علی جمانی، یاسر عرفات اور انسپکٹرز علی کامران، محمد زمان مزاری کے خلاف انکوائری کی جائے گی