ہنگامی صورتحال میں لائیو لوکیشن، ویڈیو کال اور فوری پولیس مدد کی سہولت فراہم ہوگی:ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب میں عوامی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے کیو آر پینک بٹن سسٹم کی تنصیب کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان کی تمام میٹرو، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں کیو آر پینک بٹن سسٹم نصب کرکے انہیں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے مسافر کیو آر کوڈ اسکین کرکے گاڑی، ڈرائیور اور روٹ کی تصدیق شدہ معلومات حاصل کر سکیں گے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 15 پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے فوری مدد طلب کر سکیں گے۔ ایمرجنسی کی صورت میں مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہوگا، جس سے پولیس کا بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق مرحلہ وار مزید پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو بھی اس جدید نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے، جو محفوظ، اسمارٹ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔