خواتین سے متعلق تمام کارروائیاں حتیٰ الامکان غروبِ آفتاب سے پہلے مکمل کی جائیں:ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہدایت کی ہے کہ تمام شکایات میرٹ، شواہد اور قانون کے مطابق نمٹائی جائیں جبکہ معمولی تنازعات میں قانونی کارروائی سے قبل مصالحت کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران بذریعہ ویڈیو لنک افسران کو شہریوں کی مختلف نوعیت کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ گھریلو تشدد، ہراسگی، دھمکیوں، وراثتی جائیداد، جعل سازی، چیک ڈس آنر، لین دین، خرد برد اور فراڈ کے مقدمات پر متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ غروبِ آفتاب کے بعد کسی بھی خاتون کو تھانے طلب نہ کیا جائے، خواتین سے متعلق تمام کارروائیاں حتیٰ الامکان غروبِ آفتاب سے پہلے مکمل کی جائیں اور خاتون سائلہ سے پوچھ گچھ لیڈیز پولیس اہلکار کی موجودگی میں کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں خواتین کے تحفظ کی ذمہ داری ایس ایچ اوز پر عائد ہوتی ہے اور اس حوالے سے کسی بھی غفلت یا خلاف ورزی پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔