افغان باکسر سکاٹش خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس سے متعلق مزید تفصیلات  عوام کے سامنے لائی جائیں گی:پولیس
ایتھنز (سپورٹس ڈیسک) یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں سوٹ کیس سے ملنے والی اسکاٹش خاتون الزبتھ جین راس کے قتل کے معمہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ یونانی پولیس نے قتل کے الزام میں 26 سالہ افغان شہری، جو باکسنگ سے بھی وابستہ بتایا جاتا ہے، کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج، بینک ریکارڈز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزم باکسنگ سے بھی وابستہ ہے اور مقتولہ کی رہائش گاہ کے قریب کام کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم کے خلاف اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس سے متعلق مزید تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔