اداکارہ نے اپنے مخصوص انداز سے ہٹ کر سرخی مائل بھورے بال، شوخ سرخ لپ اسٹک اور 1950 کی دہائی سے متاثر کلاسک ملبوسات زیب تن کیے ہوئے ہیں
لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے موسیقی کی دنیا میں کامیابیوں کے بعد اب اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ ان کی پہلی فلم دی بیل جار کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر منظرعام پر آگئی ہیں، جن میں وہ بالکل مختلف انداز میں دکھائی دے رہی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلی ایلش معروف شاعرہ اور ناول نگار سلویا پلاتھ کے 1963 میں شائع ہونے والے شہر آفاق ناول دی بیل جارپر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ایسٹر گرین ووڈ ادا کر رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں بلی ایلش کا روپ مداحوں کے لیے حیران کن ثابت ہوا۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز سے ہٹ کر سرخی مائل بھورے بال، شوخ سرخ لپ اسٹک اور 1950 کی دہائی سے متاثر کلاسک ملبوسات زیب تن کیے ہوئے ہیں، جس سے انہیں پہچاننا بھی مشکل ہو رہا ہے۔فلم کی ہدایت کاری معروف کینیڈین ہدایت کارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ مصنفہ سارہ پولی کر رہی ہیں، جبکہ اس کی شوٹنگ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جاری ہے۔