پی ٹی آئی کے 250 کارکنوں کی بازیابی کی درخواست قابل سماعت قرار، سماعت کی ہدایت

پی ٹی آئی کے 250 کارکنوں کی بازیابی کی درخواست قابل سماعت قرار، سماعت کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 250 کارکنوں کی مبینہ گرفتاری و گمشدگی سے متعلق دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر کے کیس کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

یہ فیصلہ جسٹس خالد اسحاق نے درخواست گزار اکمل خان کی درخواست پر بطور اعتراض کیس کی سماعت کے دوران دیا۔ درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان لودھی عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو گرفتار کارکنوں کی تفصیلی فہرست بھی فراہم کی۔سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست قابلِ سماعت نہیں، جس پر ابتدائی سماعت میں عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی کال پر احتجاجی مہم جاری تھی، اسی دوران پولیس نے دو مرتبہ گھر پر چھاپہ مارا، توڑ پھوڑ کی اور درخواست گزار کے بھائی سمیت 250 کارکنوں کو بغیر قانونی جواز کے گرفتار کر لیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ آئینی حقوق کی خلاف ورزی روکی جائے اور تمام مغوی کارکنوں کی فوری بازیابی کا حکم دیا جائے۔