پی ٹی آئی میں کچھ نہیں بس سازشیں ہورہی ہیں :شیرافضل

پارٹی میں تقسیم پہلے سے موجود ،علی امین گنڈا پور اچانک نہیں پھٹ پڑے ہیں 
کارروائی ہو تو آدھی کے پی کابینہ جیل میں ہو:ایم این اے ،ٹونائٹ ودثمرعباس
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اچانک نہیں پھٹے، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں تقسیم پہلے سے موجود تھی۔شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی میں لڑائی کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو لوگوں کو نکلوا رہے ہیں، کچھ نہ ہوا تو 15 دن بعد تحریک انصاف میں مزید لوگ بولیں گے۔بانی پی ٹی آئی اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی کو کے پی اسمبلی کا ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں تھے، علی امین گنڈاپور نے اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی کے بارے میں ٹکٹ کیحوالے سے ٹھیک بولا، اسد قیصر سازشی نہیں ہیں۔شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تینوں کو ٹکٹ نہ دینے کے فیصلے کی بیرسٹر گوہر اور میرے سامنے تصدیق کی، علی امین گنڈاپور اگر کارروائی کریں تو پی ٹی آئی کی آدھی سابق کابینہ جیلوں میں ہو، ہو سکتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 3 سے 4 وزیر برطرف ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی باتیں پریس کانفرنس کی حد تک ہیں، بلی کے گلے میں تحریک کی گھنٹی کون باندھے گا، ابھی بہت سی سازشیں پائپ لائن میں ہیں۔شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کچھ نہیں ہو رہا بس سازشیں ہو رہی ہیں، علی امین گنڈاپور کو ابھی تک بانی پی ٹی آئی نے بچایا ہوا ہے۔