صدر ٹرمپ اور ایلون مسک کیخلاف ہینڈز آف احتجاجی تحریک کا آغاز

امریکا میں حقیقی جمہوریت بحال اور عوام مخالف پالیسیاں واپس لی جائیں، مسک کو ملک بدر کیا جائے،مظاہرین 
 واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ٹرمپ اور ایلون مسک کیخلاف ہینڈز آف احتجاجی تحریک کا آغاز ہوگیا۔ٹرمپ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف امریکا کی 50ریاستوں کے ساتھ ساتھ کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، پرتگال اور میکسیکو میں کل 1200 مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا ۔ غیرملکی خبررساںاداروں کے مطا بق ہینڈز آف کے نام سے ہونے والے احتجاج میں شہری حقوق کی تنظیموں، مزدور یونینوں اور دیگر اداروں کے افراد نے شرکت کی۔مظاہرین نے امیگریشن پالیسیوں، تجارتی محصولات، تعلیمی بجٹ میں کٹوتیوں اور ایلون مسک کی سربراہی میں محکمہ حکومتی کارکردگی کی جانب سے وفاقی ملازمتوں میں کی گئی 200,000 سے زائد کٹوتیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔احتجاجی مظاہرین نے ٹرمپ اور ایلون مسک کے خلاف نعرے لگانے کے ساتھ امریکا میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور عوام مخالف پالیسیاں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹرمپ جن پالیسیوں پر چل رہے ہیں وہ دنیا کیلئے خطرہ ہیں،امریکا میں کوئی بادشاہ نہیں، ایلون مسک کو ملک بدر کیا جائے۔