بانی پی ٹی آئی نے ہمارے متعلق کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہیے،عاطف خان
پشاور(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے ہمارے متعلق کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے سوشل میڈیا انٹرویو پر پارٹی میں ایک بار پھر اختلافات کی لہر نظر آرہی ہے اور شہرام ترکئی کے بعد عاطف خان نے بھی علی امین گنڈا پور کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں عاطف خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا میرے ساتھ اختلاف ہے تو صحیح ہے لیکن اسد قیصر اور شکیل خان سمیت سینئر رہنمائوں کے خلاف باتیں نہیں ہونی چاہئیں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کو صوبے کی گورننس اور امن و امان پر توجہ دینی چاہیے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوششوں کو کمزور نہیں کرنا چاہیے، اگر عمران خان نے ہمارے خلاف کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔