مارکو روبیو اور نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، امریکی محکمہ خارجہ کی تصدیق

مارکو روبیو اور نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، امریکی محکمہ خارجہ کی تصدیق

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ گفتگو اس وقت ہوئی جب سیکرٹری روبیو واشنگٹن ڈی سی سے آئس لینڈ روانہ ہو رہے تھے۔ تاہم امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا جس میں فون کال کی تفصیلات یا زیرِ بحث آنے والے معاملات کی وضاحت کی گئی ہو۔یہ اعلیٰ سطحی رابطہ ایسی میڈیا رپورٹس کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے عراقی فضائی حدود میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر عائد سابقہ پابندیاں ختم کردی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس پیش رفت سے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروہوں کو ممکنہ اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بنانے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ تاہم کسی امریکی یا اسرائیلی اہلکار نے مارکو روبیو اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی گفتگو کو عراقی فضائی حدود سے متعلق پابندیوں کی رپورٹس سے براہِ راست منسلک نہیں کیا۔