20 ہزار افسران نے تاحال غیر ملکی شہریت کی تفصیل جمع نہ کرائی

17 تا 22 گریڈ افسران کو شہریت، سفر،غیر ملکی سے شادی کی معلومات دینا لازم تھا
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی مطلوبہ معلومات جلد جمع کرانے کی ہدایت ،خلاف ورزی پر کارروائی 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت کے احکامات کے باوجود 20 ہزار سے زیادہ 17 تا 22 گریڈ کے افسران نے غیر ملکی شہریت یا پاسپورٹ رکھنے اور غیر ملکیوں سے شادی کی تفصیل جمع نہیں کرائی ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے جولائی میں 17 تا 22 گریڈ کے وفاقی سول سرونٹس کو ’سول سرونٹس (ڈسکلوزر اینڈ پروہیبیشن آف فارن اینڈ ڈیول نیشنلٹی) رولز 2026 کے تحت اپنی اور اہل خانہ (ڈیپینڈنٹس) کی غیر ملکی شہریت، بیرون ملک سفر کی معلومات اور غیر ملکی سے شادی سے متعلق معلومات 90 دن کے اندر فراہم کرنا لازمی قرار دیا تھا۔وفاق کے ماتحت سول سروس گروپ کے 17 تا 22 گریڈ کے افسران کی مجموعی تعداد 27 ہزار سے زیادہ ہے تاہم پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس، سیکرٹریٹ گروپ، آفس مینجمنٹ گروپ سمیت وفاقی سروس گروپ کے 20 ہزار سے زیادہ 17 تا 22 گریڈ کے افسران نے مقررہ مدت گزرنے کے باوجود اپنے گوشوارے اور ڈیکلیئریشن جمع نہیں کرائے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے وفاقی وزارتوں، ڈویڑنز اور محکموں کو یاد دہانی مراسلے بھجوائے ہیں جن میں کہا گیا کہ افسران مطلوبہ معلومات جلد جمع کرائیں۔ تفصیلات و معلومات نہ دینے یا غلط بیانی کرنے والے افسران کے خلاف ’سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020‘ کے تحت مس کنڈکٹ پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔