40 سے زائد سیکرٹریز، ایڈیشنل ،جوائنٹ سیکرٹریز بھی معلومات فراہمی میں ناکام
گریڈ 17 تا 22 وفاقی افسروں کو معلومات جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی حکومت کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی اکثریت نے 100 دن گزرنے کے باوجود غیر ملکی شہریت، بیرون ملک سفر اور غیر ملکی شہریوں سے شادی سے متعلق معلومات جمع نہیں کرائیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے ذرائع کے مطابق 40 سے زائد وفاقی سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور جوائنٹ سیکرٹریز نے مطلوبہ تفصیلات تاحال فراہم نہیں کیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے جولائی میں سول سرونٹس (ڈسکلوزر اینڈ پروہیبیشن آف فارن اینڈ ڈیول نیشنلٹی) رولز 2026 کے تحت گریڈ 17 سے 22 کے وفاقی سول سرونٹس کے لیے اپنی اور اہل خانہ (ڈیپینڈنٹس) کی غیر ملکی شہریت، بیرون ملک سفر اور غیر ملکی شہریوں سے شادی سے متعلق معلومات 90 دن کے اندر فراہم کرنا لازمی قرار دیا تھا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے ماتحت چار سروس گروپس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پاکستان پولیس سروس، سیکرٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی مجموعی تعداد 4000 سے زائد ہے تاہم ان افسران کی اکثریت نے مقررہ مدت گزرنے کے باوجود گوشوارے اور ڈیکلیئریشن جمع نہیں کرائے۔حکام کے مطابق مطلوبہ معلومات جمع کرانے والے افسران کی تعداد کم ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے تفصیلات فراہم نہ کرنے والے افسران کو نوٹس جاری کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔