راولپنڈی:وارڈ نمبر8کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کامیاب

نو منتخب کونسلر عبدالصمد2667 اور پی ٹی آئی کے عبدالکریم نے2025ووٹ لیے 
 وارڈ میں 34 ہزار 92 ووٹ رجسٹرڈ ہیں ،الیکشن میں صرف 4849 کاسٹ ہوئے
 راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے وارڈ نمبر 8 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک عبدالصمد نے 2667 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ملک عبدالکریم نے 2025 ووٹ لیے۔ ٹی ایل پی کے امیدوار عثمان مرشد کو 104 ووٹ ملے اور آزاد امیدوار آغا بابر صرف 6 ووٹ حاصل کر سکے۔ضمنی انتخاب میں ووٹوں کا تناسب 14 فیصد رہا۔ اس وارڈ میں 34 ہزار 92 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 4 ہزار 849 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 3024 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1825 رہی جبکہ 35 ووٹ مسترد ہوئے۔وارڈ نمبر 8 میں 26 پولنگ سٹیشنز اور 77 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جن میں 40 مردوں اور 37 خواتین کے لیے مخصوص تھے۔ انتخاب کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولنگ سٹیشنز پر 250 پولیس اہلکار تعینات تھے۔ریٹرننگ آفیسر ارشد خان نے غیر حتمی نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔