ملائیشیا میں وزیر اعظم کو شاہی پروٹوکول،سڑکوں پر پاکستانی پرچموں کی بہار

اسلام آباد ،لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف 2روزہ سرکاری دورے پر ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے ، بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نیوزیراعظم اورا ن کے وفد کا شاندار استقبال کیا،وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا،اس موقع پرکوالالمپور کی شاہراہوں کو پاکستانی اور ملائشیائی پرچموں سے سجایاگیاتھا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر 2روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز کوالالمپور پہنچے ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ملائشیا کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی ،دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے، عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوگی۔ دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے دورہ لندن کے دوران تعلیمی میدان میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستانی نڑاد طالبہ ماہ نور چیمہ سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے ماہ نور چیمہ کو اے لیول کے امتحانات میں 24 مضامین میں انفرادی طور پر امتیازی گریڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے اور شاندار کارکردگی دکھانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ماہ نور چیمہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے ماہ نور کے والدین کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد دی اور ماہ نور کیلئے مزید کامیابیوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا،انہوں نے ماہ نور چیمہ کو تحائف بھی پیش کئے۔