لاہور کا فضائی معیار بہتر قرار،ای پی اے کا 18 اضلاع کا ڈیٹا مکمل، سموگ گنز آپریشن پر فضائی بہتری کے اقدامات
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کے پہلے سموگ پیشگی نگرانی سسٹم نے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI)ڈیٹا جاری کردیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز صبح 4 بجے بارش کے بعد لاہور کا اوسط AQI 62 ریکارڈ کیا گیا۔صبح 8 بجے سورج نکلنے اور درجہ حرارت بڑھنے سے فضائی معیار میں مزید بہتری آئی جبکہ دن 10 بجے اوسط AQI 70 اور درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوپہر 2 بجے متوقع ایئر کوالٹی انڈیکس 92 اور درجہ حرارت 33 ڈگری بتایا گیا۔ماحولیاتی تحفظ ادارے (ای پی اے)کے مطابق پنجاب کے 18 اضلاع میں فضائی معیار کے ڈیٹا کا تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر جدیدسموگ مانیٹرنگ اور ویدر فورکاسٹ سسٹم فعال ہوا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کاکہناہے کہا درخت لگانے اور سبزہ بڑھانے سے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹارگٹڈ سموگ آپریشن کے تحت لاہور سمیت دیگر شہروں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ای پی اے حکام کے مطابق سموگ گنز مشینوں کے ذریعے ٹریفک، تعمیراتی سائٹس اور صنعتی علاقوں میں فوری فضائی بہتری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ پہلی مرتبہ درست اور بروقت AQI ڈیٹا عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔