معلم وہ منصب ہے جو انبیائے کرام کی میراث قرار پایا‘ محسن نقوی

استاد کی عظمت، کردار اور رتبے کے اعتراف کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہے
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معلم وہ منصب ہے جو انبیائے کرام کی میراث قرار پایا‘ استاد کی عظمت، کردار اور رتبے کے اعتراف کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔اساتذہ کے عالمی دن پر پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹیچرز ڈے پر تمام اساتذہ کو انکی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان مقدس ہستیوں کے نام جنہوں نے ہر حالت میں علم کے چراغ کو اپنی محنت سے جلائے رکھا۔استاد کی عظمت، کردار اور رتبے کے اعتراف کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ یہ دن اُن خدمات اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو استاد اپنی ذات کی نفی کر کے نسلوں کو بامقصد بناتا ہے۔ معاشروں کی فکری بلندی، تہذیبی شائستگی اور قومی خودی استاد کی رہنمائی کی مرہونِ منت ہے۔ معلم وہ منصب ہے جو انبیائے کرام کی میراث قرار پایا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ''مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے''اور یہ قول استاد کے منصب کو تقدس بخشتا ہے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ قرآنِ کریم نے ''یُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ'' فرما کر تعلیم و تربیت کے ربط کو مقدس ترین مشن بنایا۔ اللہ تعالی نے مجھے جو منصب عطا کئے اس میں میرے محترم اساتذہ کی تربیت۔ محنت اور لگن شامل ہے۔ میں اپنے اساتذہ کا احسان کسی طور بھی نہیں اتار سکتا۔ استاد نسلوں کی سوچ کی جہت، کردار کی سمت اور معاشرتی شعور عطا کرتا ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ ہر عہد کی عظمت کسی عظیم استاد کی تربیت یافتہ نسل سے جنم لیتی ہے۔آئیں آج ہم اجتماعی طور پر یہ عہد کریں کہ استاد کی توقیر کو ریاستی بیانیے کا مرکزی جزو بنائیں گے۔سب کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کا احترام نظریے کے طور پر اپنائیں گے۔