دیہی و شہری علاقوں میں اساتذہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں‘صدرِ پاکستان کی عالمی یومِ اساتذہ پر مبارکباد
اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تدریس محض پیشہ نہیں، ایک مقدس ذمہ داری ہے‘اساتذہ نسلوں کے اذہان سنوارتے اور کردار کی تربیت کرتے ہیں‘ دیہی و شہری علاقوں میں اساتذہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔صدرِ پاکستان نے ایک پیغام میں اساتذہ کو عالمی یومِ اساتذہ پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ تدریس محض پیشہ نہیں، ایک مقدس ذمہ داری ہے‘اساتذہ نسلوں کے اذہان سنوارتے اور کردار کی تربیت کرتے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دیہی و شہری علاقوں میں اساتذہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ مشکل حالات کے باوجود علم کی شمع جلانے والے اساتذہ قوم کا سرمایہ ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ جدید دور میں اساتذہ کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ طلبہ کی تیاری کے لیے اساتذہ کو ڈیجیٹل وسائل اور تربیت دینا ضروری ہے۔حکومتِ پاکستان تدریس کے شعبے کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ اداروں کو مضبوط بنانا، ٹیکنالوجی کا انضمام اور بہتر سہولتیں اولین ترجیحات ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اساتذہ کی عزت و توقیر کو یقینی بنایا جائے۔ جو معاشرہ اپنے اساتذہ کا احترام کرتا ہے، وہ اپنا مستقبل محفوظ بناتا ہے۔ قومی یکجہتی، جدت اور ترقی کے لیے اساتذہ کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔صدر مملکت نے تمام اساتذہ کو خدمات پر خراجِ تحسین اور سلامتی کے لیے دعا کی۔