لاہور ہائیکورٹ: منشیات مقد مے میں ناقص تفتیش، آئی جی پنجاب طلب

 پولیس کی تفتیش میں اتنی سنگین کوتاہیاں کیوں، غیر سنجیدگی برداشت نہیں :چیف جسٹس عالیہ نیلم 
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں ناقض تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو کل  ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے  منشیات کے ملزم بھائی خان جھارا کی درخواست ضمانت پر آئی جی پنجاب کو طلب کرنے کا حکم دیا ،عدالت نے آئی جی پنجاب کو اس وقت طلب کیا جب تھانہ سرگودھا روڈ فیصل آباد کے سب انسپکٹر منشیات کے مقدمے سے متعلق عدالت کے روبرو پیش ہوئے مگر عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔، چیف جسٹس  عالیہ نیلم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مقدمات میں پولیس کی غیر سنجیدگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عدالت نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ذاتی طور پر پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا کہ پولیس کی تفتیش میں اتنی سنگین کوتاہیاں کیوں سامنے آئیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو پیش ہونے کا حکم دے دیا.