ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی کھلی کچہری، ناقص تفتیش پر کارروائی

 شکایات پر انکوائری، شوکاز نوٹس اور مقدمات تبدیلی تفتیش بورڈ کو بھجوانے کے احکامات 
 لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں اور اوورسیز
 پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں رباب ادریس، گلشن بی بی، سمیرا اظہر، شہزادی اجمل، انور بی بی، کاشف اعجاز، محمد سلیم، نعیم اسلم، شکیل مسیح اور قمر حیات سمیت متعدد شہری اپنے مقدمات کی تفتیش سے متعلق شکایات لے کر پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے شہریوں کی شکایات تفصیل سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ ناقص تفتیش سے متعلق بعض شکایات پر اے ڈی آئی جی کو انکوائری کی ہدایت کی گئی، جبکہ چند مقدمات تبدیلی تفتیش بورڈ کو بھجوا دیے گئے اور متعلقہ تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ ڈی آئی جی نے ڈویڑنل ایس پیز انویسٹی گیشن سے رابطہ کرکے متعلقہ مقدمات کی تفتیش جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی دیے۔ سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفتیش سے متعلق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔