نئی امریکی حکومت اور عمران خان کی رہائی کو جوڑنا محض قیاس آرائیاں ہیں، وفاقی حکام

نئی امریکی حکومت اور عمران خان کی رہائی کو جوڑنا محض قیاس آرائیاں ہیں، وفاقی حکام

ویب ڈیسک:پاکستان کی وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ وہ نئی امریکی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کی پالیسی کو برابری کی سطح پر جاری رکھے گی، اور اسے امید ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔

 امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی کے بعد پاکستانی حکام عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں اور ان کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں، تاکہ نئی حکومت کی ممکنہ پالیسیوں کا پیشگی اندازہ لگایا جا سکے۔ماضی میں، ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر رہے ہیں، اور مسلم لیگ ن کی حکومت نئے امریکی صدر کی پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے تعلقات کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرے گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی حکومت امریکا کے ساتھ تمام شعبوں، بشمول تجارت اور خارجہ تعلقات میں، مضبوط تعلقات استوار کرنے کی کوشش کرے گی۔

پاکستانی حکام نے اس بات کا بھی واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی ممکنہ رہائی کو امریکی انتخابات یا ان کے نتائج سے جوڑنا محض قیاس آرائیاں ہیں۔ ان کے خلاف مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، اور ان مقدمات کا فیصلہ پاکستان کی عدالتوں کی صوابدید ہے۔ حکومتی حکام نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں ڈکٹیشن قبول نہیں کرے گا۔

پاکستانی حکام کی توقع ہے کہ نئی امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرے گی اور تمام امور ڈائیلاگ کے ذریعے برابری کی بنیاد پر حل کیے جائیں گے۔