عباس عراقچی کی سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک گفتگو

عباس عراقچی کی سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک گفتگو

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، سفارت کاری اور علاقائی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری فوجی تناؤ میں فوری کمی لانا ضروری ہے اور تمام فریقین کو تحمل، مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ صورتحال مزید بگڑنے سے بچ سکے۔اس سے قبل سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ بھی خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش ظاہر کر چکی ہے اور متعلقہ ممالک سے اشتعال انگیزی سے گریز کرنے کی اپیل کر چکی ہے۔سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق مملکت پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتی ہے، کیونکہ موجودہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مسئلے کا ایسا سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہیے جو مشرقِ وسطیٰ کو مزید کشیدگی، تصادم اور عدم استحکام سے محفوظ رکھ سکے۔