وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ جاںبحق ہونے والوں میں دو بچے شامل تھے، 14 زخمی بھی بچے ہی ہیں،شہریوں اور جنگجوں میں فرق نہیں
بیروت (آئی این پی ) جنوبی لبنان پر تازہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بچوں سمیت کم از کم 17 افراد جاںبحق ہو گئے جو جنگ بندی کے آغاز کے دو ہفتے سے زائد عرصے بعد کے سب سے خونریز دنوں میں شمار ہوتے ہیں۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جمعرات سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 110 ہو چکی ہے۔ اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے لبنان میں شدت پسند تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔لبنانی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں شہریوں اور جنگجوں میں فرق نہیں کیا گیا، تاہم وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ جاںبحق ہونے والوں میں دو بچے شامل تھے، جبکہ 14 زخمی بھی بچے ہی ہیں۔تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں اس کے 17 فوجی ہلاک ہوئے ہیں اور اس نے حزب اللہ پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔دوسری جانب حزب اللہ نے بھی متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، جن میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد کے قریب واقع ناقورہ میں اسرائیلی فوجیوں پر ڈرون حملے اور ملک کے جنوب مشرقی علاقے قنطارہ میں فوجی اہداف پر راکٹ داغے جانا بھی شامل ہیں۔ تنظیم کی جانب سے اسے جوابی کارروائی قرار دیا گیا ہے۔