یو اے ای میں حملوں کی مذمت جنگ بندی برقرار، اس کا احترام کیا جائے:شہباز شریف

 میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت،متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات کو ضروری سفارتی گنجائش فراہم کی جانی چاہیے
وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ میں تباہ کن سیلاب پر ترک صدر و عوام سے تعزیت،قدرتی آفت سے متاثر افراد کے ساتھ ہیں،پاکستان ترکیہ کی امدادی اور بحالی کی کوششوں میں ہر ممکن انسانی اور مادی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیراعظم پاکستان نے ایکس پر جاری بیان میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان یو اے ای میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنگ بندی کا ہر صورت احترام اور اس پر مکمل عملدرآمد نہایت ضروری سمجھتا ہے، تاکہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار کی جا سکے۔جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام سے تباہ کن سیلاب پر دلی تعزیت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر لکھا کہ عوامِ پاکستان اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے، نیز اپنی طرف سے، میں اپنے عزیز بھائی رجب طیب اردوان اور برادر ملک ترکیہ کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔انہوں نے مزید لکھا کہ ترکیہ میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور شدید موسمی حالات نے صوبہ جات غازی عنتاب، شانلی عرفہ، ادیامان اور گرد و نواح کے علاقوں کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں ترکیہ کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہماری دلی ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں اور اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کی امدادی اور بحالی کی کوششوں میں ہر ممکن انسانی اور مادی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔