نجی املاک کی خوبصورتی کیلئے خزانے سے اخراجات بند

 مارکیٹس کیلئے فساڈ کا ایک یکساں ڈیزائن تیار کیا جائے :ایل ڈی اے کی ہدایت 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں ریجنریشن اور سس ٹینیبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت مارکیٹس کی فساڈ اپگریڈیشن کا منصوبہ نئی بحث کا مرکز بن گیا۔پنجاب حکومت نے نجی املاک کی خوبصورتی پر سرکاری خزانے سے اخراجات پر اعتراض اٹھا دیا۔ایل ڈی اے کو دکانوں کے فساڈ پر سرکاری فنڈز خرچ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔شہر کی تجارتی شاہراہوں اور مارکیٹس کی فساڈ اپگریڈیشن کے لیے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ابتدا میں سرکاری خزانے سے فنڈز استعمال کیے اور مختلف مقامات پر عمارتوں کے بیرونی حصوں کی تزئین و آرائش کی گئی۔ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت اب تک پچاس کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔ جوہر ٹاو?ن کی جی ون مارکیٹ، اچھرہ بازار اور ریلوے سٹیشن ریماڈلنگ منصوبے میں عمارتوں کے فساڈ کو یکساں اور جدید انداز میں تبدیل کرنے کے لیے سرکاری فنڈز استعمال کیے گئے۔تاہم اس ماڈل پر پنجاب حکومت نے اعتراض اٹھاتے ہوئے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ نجی املاک کی خوبصورتی اور فساڈ اپگریڈیشن کے لیے سرکاری خزانے سے مزید اخراجات نہیں کیے جائیں گے۔ نئی پالیسی کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ مارکیٹس کے لیے فساڈ کا ایک یکساں ڈیزائن تیار کیا جائے۔