دبئی پولیس نے شہر بھر میں بھکاریوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔
خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سڑکوں پر بھیک مانگنے والے 9 بھکاریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بھیک مانگنے کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں اور اس جرم پر 3 ماہ تک جیل کی سزا اور 5 ہزار درہم (تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے) تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھکاریوں کے بارے میں اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے "پولیس آئی" نامی موبائل ایپ بھی فعال کی گئی ہے، جس کے ذریعے شہری بھکاریوں کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، دبئی پولیس کا ہیلپ لائن نمبر 901 بھی متعارف کرایا گیا ہے، جہاں عوام بھکاریوں کے بارے میں اطلاع دے سکتے ہیں۔دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی شہر کی صفائی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی جارہی ہے اور اس سے شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔