پارٹی اس بات پر متفق ہے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں ،پس پردہ رابطے جاری ہیں: اعلیٰ عہدیدار

بانی کی رہائی کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے بیرسٹرگوہر، گنڈاپور

پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے پس پردہ رابطے جاری ہیں، چیئرمین اور وزیراعلیٰ پختونخوا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کاوشیں کررہے ہیں،ذرائع کادعویٰ، اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کامیاب ہونے کی صورت میں بانی کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے،بیرسٹرگوہر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نجی ٹی وی کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے پس پردہ رابطے جاری ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلی علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کاوشیں کررہے ہیں۔اعلیٰ پارٹی عہدیدار کے مطابق پارٹی اس بات پر متفق ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں جبکہ بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ علی امین بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پرامید ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست ملاقاتیں نہیں تاہم دونوں لیڈر کوششں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کامیاب ہونے کی صورت میں بانی پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے نجی ٹی وی سے بات چیت میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہرسطح پر کوشش کررہے ہیں اور وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پرامید ہیں۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اپنے تعلقات استعمال کررہے ہیں اور کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ سیاسی جماعتیں خود اپنے معاملات کو حل کریں۔