ملک بھر میں دہشتگردی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی‘تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے عمر ایوب خان

انٹیلی جنس ادارے سیاسی جماعتوں کو دبانے میں مصروف ہیں اور ملک میں دہشت گردی کے واقعا ت میں اضافہ ہورہا ہے
جو بھی افسر غفلت کے مرتکب ہیں ان کا کورٹ مارشل کیا جائے: پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ اور رہنمائوں کی پریس کانفرنس

اسلام آ باد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کو انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے تحقیقات کیلئے خودمختار کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا انٹیلی جنس ادارے سیاسی جماعتوں کو دبانے میں مصروف ہیں اور ملک میں دہشت گردی کے واقعا ت میں اضافہ ہورہا ہے۔جو بھی افسر غفلت کے مرتکب ہیں ان کا کورٹ مارشل کیا جائے۔بدھ کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی سینیٹر اور پارٹی رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اس موقع پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرسینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ حکومت توانائی کے شعبے میں جو معاہدے کر رہی ہے اس میں ان کے اپنے مفادات ہیں ‘ جب تک ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات نہیں ہونگے اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل نے کہا بتایا جائے کہ معیشت کیسے مضبوط ہوگی جب ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہے یہ حکومت عوام کا درد نہیں رکھتی ہے اس موقع پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہوچکی ہے آٹے،گھی،چینی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے‘ ریاست کے وسائل مخالف سیاسی جماعتوں کو دبانے کیلئے استعمال ہوں تو ملک میں دھماکے اور دہشت گردی میں اضافہ ہوگا انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ کے عوام کا پانی چھین رہی ہے اور ان کی بات سننے کی بھی روداد نہیں ہے انہوں نے کہاکہ بند کمروں میں فیصلے ہورہے ہیں یہ فسطائیت ہے اور ملک میں بادشاہت بن چکی ہے اس صورت میں معیشت ترقی نہیں کرے گی انہوںنے کہاکہ اس وقت پاکستان میں جمہوریت اور بنیادی حقوق کی جنگ ہورہی ہے یہ کسی پر احسان نہیں ہتے بلکہ یہ تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے اور تاریخ ان سیاسی جماعتوں کو کبھی بھی معاف نہیں کرے گی انہوں نے کہاکہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ ہمارے ساتھ چلیں