لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور پولیس شہدا ء کی فیملیز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون نے 7 پولیس شہدا کی فیملیز میں نئے گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے 2017ء سے قبل کے 11 پولیس شہداء کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔صوبائی وزیر نے دو پولیس شہداء کے ہونہار بچوں کو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے لئے 35 لاکھ روپے فارن سکالر شپس کے چیک بھی دئییانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی وزیر کو شہدا پولیس کے اہلخانہ اور بچوں کے لئے کئے جا رہے ویلفیئر اقدامات بارے آگاہ کیا۔ شہداء پولیس کے اہلخانہ، بچوں کو پلاٹس، اپنی چھت، علاج معالجے اور اعلیٰ تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے سینوں پر گولیاں کھانے والے پولیس شہداء وزیر اعلیٰ پنجاب کے دل کے انتہائی قریب ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہدا پولیس کے اہلخانہ کے لئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہداء پولیس کے لئے پیکج تھری کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ دنیا کی قیمتی ترین شے بھی شہداء کی قربانیوں کا مداوا نہیں کر سکتی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور تمام صوبائی وزراء شہدا پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے شہد اء سمیت پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی فقید المثال ویلفیئر پر آئی جی پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے 1683 شہدا ، 2163 غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج کا پنجاب زیادہ محفوظ اور جرائم سے پاک ہے۔ صوبائی وزیر نے شہداء کے اہلخانہ کے لئے گھروں کی خریداری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی لیڈر شپ اور وزیر قانون کی سپورٹ سے شہدا پیکج میں واضح بہتری آئی ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ شہداء پیکج کے تحت گھروں کی خریداری کے لئے 54 لاکھ روپے فی کس کا خطیر اضافہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداء کے بچوں کو پاکستان کے معروف تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم، فارن سکالرشپس اور لیپ ٹاپس دیئے جا رہے ہیں۔2017ء سے قبل کے 712 شہداء پولیس کی فیملیز کو پلاٹس فراہم کیے جاچکے ہیں۔ پلاٹوں پر گھروں کی تعمیر کیلئے شہدا کے مستحق اہلخانہ کو 25 لاکھ روپے فی کس بھی دیئے جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے سنٹرل پولیس آفس کی شہداء ، غازی والز اور پولیس میوزیم سمیت مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی سمیت دیگر افسران موقع پر موجود تھے۔