جائیدادوں کی تخمینہ لگائے بغیر فروخت

ایل ڈی اے گزشتہ5برس میں فنڈز مختص کرنے کے باوجود تخمینہ نہ لگا سکی
لاہور (کرائم رپورٹر ) ایل ڈی اے انتظامیہ جائیدادوں کا تخمینہ لگائے بغیر فروخت کرنے میں مصروف ہے۔ماضی میں جائیدادوں کا تخمینہ لگانے کے لئے کئی منصوبے بنائے گئے۔ایل ڈی اے گزشتہ5برس میں فنڈز مختص کرنے کے باوجود جائیدادوں کا تخمینہ نہ لگا سکی۔ نجی فرم بھی ایل ڈی اے کی جائیدادوں کا تخمینہ لگانے میں ناکام رہی۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے انتظامیہ کے پاس کتنی مالیت کی جائیداد ہے، نصف صدی میں تخمینہ نہ لگایا جاسکا۔ جائیدادوں کے تخمینے کا اندازہ نہ ہونے سے ایل ڈی اے ذاتی وسائل سے منصوبے شروع کرنے میں تذبذب کا شکار ہے۔ایل ڈی اے کتنے اثاثوں کا مالک ہے، انتظامیہ لاعلم ہے۔ ایل ڈی اے کے شعبہ ہاؤسنگ کو اثاثہ جات کی فہرست بنانے کا حکم دیا گیا۔ادارے کی آمدن میں اضافے کیلئے پراپرٹیز کو نیلام کیا جانا تھا۔ورکنگ گروپ کو جائیدادوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی،تخمینہ لاگت کی مکمل رپورٹ جمع کر ائی جانا تھی، ایل ڈی اے کے ملکیتی پلاٹوں کی فروخت سے ادارے کے امور اور ترقیاتی کاموں پر اخراجات کئے جانے تھے لیکن شعبہ ہاؤسنگ ان املاک و جائیدادوں کا تخمینہ لگانے میں ناکام رہا۔اب اتھارٹی نے املاک و جائیدادوں کا تخمینہ لگانے کے لئے پھر پرائیویٹ کمپنی کا سہارا لینے کا فیصلہ کر لیا۔ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نجی فرمز جائیدادوں کے تخمینے پر کام کر رہیں جبکہ ایل ڈی اے میں بھی اس کا ریکارڈ مرتب کرنے پر کام کر رہے ہیں۔