جائیدادوں کی فروخت کیلئے کمیٹی کے اختیارات بڑھانے کی تجویز

لاہور(خصوصی رپورٹ )ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے فیصلے کے مطابق جائیدادوں کی فروخت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے سیلز اینڈ الاٹمنٹ کمیٹی کے اختیارات بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈاون پیمنٹ، اقساط اور رعایت سے متعلق فیصلے کرنے کے اختیارات کمیٹی کو دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے، تاکہ ادارے کی قیمتی املاک کی فروخت اور آمدن میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی سمیت قیمتی جائیدادوں کی شفاف طریقے سے جلد فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ فروخت کے لیے ریزرو پرائس، ادائیگیوں کا شیڈول اور رعایت دینے کے معیار پہلے سے واضح کرنے کی تجویز بھی منظور شدہ ترامیم میں شامل ہے۔ جائیدادوں کی فروخت کے لیے اہلیت کے یکساں معیار مقرر کرنے اور تمام معاملات کا قابلِ آڈٹ ریکارڈ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ فروخت کے نوٹس کی مدت پینتالیس دن سے کم کرکے تیس دن کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ایل ڈی اے کی جائیدادوں کی خریداری پر آٹھ فیصد تک رعایت دینے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ تاہم ترامیم پر عمل درآمد سے پہلے قانونی جانچ پڑتال اور مقررہ طریقہ کار کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا۔