نیویارک میں سی پلین ایسٹ ریور میں گر کر تباہ، تمام 8 افراد محفوظ

نیویارک میں سی پلین ایسٹ ریور میں گر کر تباہ، تمام 8 افراد محفوظ

امریکا کے شہر نیویارک میں ایک چھوٹا طیارہ (سی پلین) مشرقی دریا ایسٹ ریور میں گر کر تباہ ہو گیا، تاہم بروقت امدادی کارروائی کے باعث طیارے میں سوار تمام آٹھ افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پرواز کے دوران طیارے کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پائلٹ نے پانی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی، تاہم طیارہ دریا میں جا گرا۔ریسکیو حکام کے مطابق دوپہر کے وقت حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ، پولیس اور آبی ریسکیو یونٹس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے طیارہ پانی میں سیدھی حالت میں موجود تھا، جس کی وجہ سے تمام آٹھ افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔ حادثے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے، تاہم انہوں نے موقع پر ہی طبی امداد لینے سے انکار کر دیا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے ابتدائی بیان کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، لیکن اس دوران طیارے کا ایک بازو ٹوٹ گیا، جس کے باعث وہ پانی میں گر گیا۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیمیں طیارے کی تکنیکی حالت، موسم، پائلٹ کی رپورٹ اور دیگر آپریشنل پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت امدادی کارروائی، ریسکیو ٹیموں کی فوری رسائی اور طیارے کے نسبتاً متوازن انداز میں پانی میں گرنے کے باعث ایک بڑا جانی نقصان ٹل گیا، جسے خوش قسمتی قرار دیا جا رہا ہے۔