ریکھا کے ’لو لیٹرز‘ اور ’بھارتی فلموں کی پیشکشیں‘، حسن جہانگیر کے دلچسپ انکشافات

ریکھا کے ’لو لیٹرز‘ اور ’بھارتی فلموں کی پیشکشیں‘، حسن جہانگیر کے دلچسپ انکشافات

پاکستان کے معروف گلوکار حسن جہاںگیر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے مقبول گانے ’ہوا ہوا‘ کی غیرمعمولی کامیابی کے بعد انہیں بھارت میں بے حد محبت، عزت اور پذیرائی ملی۔

احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن جہاںگیر نے بتایا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے علاوہ بالی ووڈ کی متعدد نامور شخصیات سے بھی ان کے خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔پوڈکاسٹ کے دوران احمد علی بٹ نے ان سے سوال کیا کہ کیا ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ ریکھا نے واقعی انہیں محبت بھرا خط لکھا تھا؟ اس پر حسن جہاںگیر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ محبت کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے، تاہم بعض باتیں نجی رہنی چاہئیں، اس لیے وہ اس حوالے سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتے۔حسن جہاںگیر نے کہا کہ بھارت میں انہیں ہمیشہ عزت اور محبت ملی۔ انہوں نے بتایا کہ مادھوری ڈکشٹ، گووندا، شاہ رخ خان، سلمان خان اور متھن چکرورتی سمیت کئی معروف بھارتی فنکار آج بھی ان کے اچھے دوست ہیں اور وقتاً فوقتاً ان کے درمیان خیرسگالی کے پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔

گلوکار نے اپنے فنی کیریئر کی ایک بڑی پشیمانی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بھارت میں مرکزی کردار کے لیے متعدد فلموں کی پیشکشیں ہوئی تھیں، جن میں نیلم اور مادھوری ڈکشٹ جیسی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع بھی شامل تھے، تاہم انہوں نے تمام آفرز مسترد کر کے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا۔حسن جہاںگیر کے مطابق آج ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان پیشکشوں کو ٹھکرا دینا ان کے کیریئر کے اہم فیصلوں میں سے ایک تھا، جس پر انہیں اب بھی افسوس ہوتا ہے۔